وزیراعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے ایک خاندان کو ریسکیو کرنے والے، ایکسیویٹر ڈرائیور، محب اللہ، کو نقد انعام کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔
محب اللہ نےآج وزیراعلیٰ سے ملاقات کی. جس دوران سرفراز بگٹی نے ان کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محب اللہ کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں ملازمت دی جائے گی اور ان کے آبائی علاقے میں ایک اسکول بھی تعمیر کیا جائے گا۔ محب اللہ کو ایک ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے محب اللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی بہادری اور جواں مردی پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں قلعہ عبداللہ کی ایک ندی میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی پھنس گئی تھی، جس میں 7 افراد سوار تھے۔ محب اللہ نے اپنی جان پر کھیل کر ان تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا تھا۔