مستونگ،مسلح افراد کا حملہ، فائرنگ اور دھماکوں سے علاقہ لرز اٹھا
مستونگ: مستونگ سٹی میں واقع تحصیل آفس پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے تحصیل آفس پر دھاوا بولتے ہوئے وہاں موجود سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد مارکیٹیں اور بازار بند ہوگئے جبکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اور تمام طبی عملے کو فوری طلب کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم حملہ آوروں کی تعداد اور شناخت سے متعلق تاحال سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔