سعودی عرب میں محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا
ریاض: سعودی عرب میں نئے اسلامی سال 1447 ہجری کا آغاز ہو گیا ہے، محرم الحرام کا چاند تمیر ریجن میں رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد نظر آنے کی تصدیق کی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق، جمعرات کو یکم محرم الحرام اور ہجری سال کا پہلا دن ہوگا۔
نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ (کسوہ) کو باقاعدہ طور پر تبدیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی۔ پرانے غلاف کے سنہری حصے کو 29 ذوالحجہ کو نماز عصر کے بعد اتارا گیا، جب کہ نیا غلاف یکم محرم کو کعبہ شریف پر چڑھایا گیا۔
نئے کسوہ کی تیاری میں اعلیٰ معیار کے سیاہ ریشم کے 47 ٹکڑے استعمال کیے گئے، جن پر 68 قرآنی آیات کو 24 قیراط سونے سے چڑھائے گئے چاندی کے دھاگوں سے کڑھا گیا۔ اس غلاف کا مجموعی وزن تقریباً 1,415 کلوگرام ہے۔
یاد رہے کہ 2022 سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روایت میں تبدیلی کی گئی ہے، اور اب یہ عمل ہر سال نئے اسلامی سال کے آغاز پر انجام پاتا ہے۔ اس سے قبل غلاف 9 ذی الحجہ کو حجاج کے عرفات روانہ ہونے کے بعد تبدیل کیا جاتا تھا، جب مسجد الحرام نسبتاً کم پرہجوم ہوتی تھی۔