وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں شروع ہوگیا ہے، جس میں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور امریکا کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کے بعد پیدا ہونے والی خطے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کی قومی سلامتی، سفارتی پالیسی اور خطے میں ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم پالیسی فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے ممکنہ ردعمل اور سفارتی حکمت عملی پر بھی غور کرے گی۔