امریکا سن لے، ہم شہداء کے وارث ہیں، اب کی بار وار، آخری وار ہو گی،آیت اللہ خامنہ ای
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کبھی سرینڈر نہیں کرے گا، اور اگر اس پر جنگ یا بدامنی مسلط کی گئی تو وہ پوری طاقت سے اس کا جواب دے گا۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم نہ صرف مسلط کردہ جنگ بلکہ مسلط کردہ بدامنی کے خلاف بھی سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانی قوم کو دھمکیوں سے جھکایا نہیں جا سکتا۔
سپریم لیڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران شہداء کے خون، سرزمین پر حملوں اور دشمن کے عزائم کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ حالیہ اقدامات کی اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اگر امریکا نے فوجی مداخلت کی کوشش کی تو اسے ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔
دوسری جانب، ایران نے اسرائیل کے خلاف اہم دفاعی کامیابیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے تبریز کے قریب ایک اور اسرائیلی ایف 35 اسٹیلتھ جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔ اس طرح ایران کی جانب سے اب تک مار گرائے گئے ایف 35 طیاروں کی تعداد پانچ ہو چکی ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق، طیارہ ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا اور اسے بروقت کارروائی میں تباہ کیا گیا۔ ایران نے مزید ایک اسرائیلی ڈرون کو بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی فضائی جھڑپوں اور کشیدگی کے باعث نہ صرف خطہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے بلکہ عالمی سطح پر دفاعی صنعت اور اسٹاک مارکیٹس بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ امریکا کی مشہور طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز میں ایف 35 کی تباہی کی خبروں کے بعد ایک ہی روز میں 4 فیصد کمی دیکھی گئی۔