پاکستان اور بھارت کی جنگ رکوائی، ایران و اسرائیل میں بھی امن ہوگا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کرانے کے قریب ہیں، اور یہ خطے کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی مداخلت سے ماضی میں کئی عالمی تنازعات رک چکے ہیں، جن میں پاکستان و بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹرتھ” پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا:
“ایران اور اسرائیل کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے، اور وہ معاہدہ ہو کر رہے گا۔ بالکل ویسے ہی جیسے میں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ختم کرائی تھی۔”
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت میں سربیا اور کوسووو کے درمیان کشیدہ حالات تھے، لیکن ان کی کوششوں سے فریقین بات چیت پر آمادہ ہوئے۔
اسی طرح مصر اور ایتھوپیا کے درمیان نیل دریا پر تعمیر ہونے والے بڑے ڈیم کے معاملے پر بھی انہوں نے مداخلت کی، جس سے خطے میں امن قائم رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھی ایران اور اسرائیل کے حوالے سے متعدد فون کالز اور پس پردہ ملاقاتیں جاری ہیں، اور وہ پرامید ہیں کہ جلد کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے آئے گی۔
صدر ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ انہیں ان بین الاقوامی کوششوں کا مکمل کریڈٹ نہیں ملتا، لیکن انہوں نے کہا:
“کوئی بات نہیں، عوام سب کچھ سمجھتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے۔”