اسلام آباد میں ایران کے جھنڈے لہرا دیے گئے
اسلام آباد : اسرائیلی جارحیت کیخلاف ایران کی مزاحمت کی حمایت میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ایران سے یکجہتی کا مثالی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے چوک چوراہوں، سڑکوں اور پلوں پر ایران کے قومی پرچم پاکستانی پرچم کے ساتھ لہرائے گئے، جبکہ بعض مقامات پر آیت اللہ خمینی کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔
عوام اور مختلف سماجی و مذہبی تنظیموں نے ایران کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے بینرز اور پوسٹرز لگائے جن پر اسرائیلی مظالم کی مذمت اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے۔
پاکستانی عوام سوشل میڈیا پر بھی ایران کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔ ہزاروں صارفین نے ایران کی حمایت میں پوسٹس، ہیش ٹیگز اور بیانات شیئر کیے ہیں۔ ٹوئٹر (ایکس)، فیس بک اور انسٹاگرام پر ایران کے مؤقف کو سراہتے ہوئے #StandWithIran، #IranPakistanUnity، #FreePalestine جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
یہ اظہارِ یکجہتی ایک منظم مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد امتِ مسلمہ کے اجتماعی شعور اور مزاحمتی طاقت کی علامت ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ مسلم دنیا اپنے اختلافات سے بالا تر ہو کر مشترکہ مؤقف اختیار کرے۔