بھارت میں بڑا فضائی حادثہ،242 مسافروں سے بھرا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ
احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں آج صبح ایک المناک فضائی حادثہ پیش آیا، جب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد رہائشی علاقے پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب میگھانی نگر کے گھنے آبادی والے علاقے میں پیش آیا۔
طیارے میں 242 مسافر سوار تھے، جن میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور 1 کینیڈین شہری شامل تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارہ لندن روانگی کے لیے محوِ پرواز تھا کہ چند ہی لمحوں بعد ایئرپورٹ کی حدود سے باہر نکل کر زمین بوس ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی زور دار آواز سنی گئی، جس کے بعد پورا علاقہ دھوئیں کے بادلوں سے ڈھک گیا۔
مسافروں کی تعداد سے متعلق متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں — بعض رپورٹس میں 133، کچھ میں 242 اور دیگر میں 290 مسافروں کے سوار ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی، تاہم خدشہ ہے کہ حادثہ بھاری جانی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
ایوی ایشن حکام، ڈی جی سی اے (DGCA) اور ایئر انڈیا کی خصوصی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ ایئرپورٹ کی باڑ سے ٹکرا کر رہائشی عمارتوں پر آ گرا، جس سے زمین پر بھی شدید تباہی ہوئی ہے۔
ایمرجنسی سروسز، فائر بریگیڈ، ریسکیو ادارے اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ مقام سے دور رہیں۔