وزیراعظم کی مختلف مسلم ممالک کے ریاستی رہنماؤں سے رابطے،عید کی مبارکباد
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں، ایرانی قوم اور رہبر آیت اللہ علی خامنہ ای کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے تہران کے اپنے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جن میں پاک بھارت کشیدگی اور غزہ کی صورت حال شامل تھی۔وزیراعظم نے صدر پیزشکیان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم کا صدر مملکت سے رابطہ، عید الاضحیٰ کی مبارکباد اور ملکی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔
صدر زرداری نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مجموعی سیاسی صورتحال اور مختلف قومی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم پاکستان اور ازبکستان کے صدر کے درمیان عید پر ٹیلیفونک رابطہ
عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر جناب شوکت مرضیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے ازبک صدر کے ساتھ ساتھ ازبکستان کے عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی اور امت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران متوازن موقف پر ازبکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام شعبوں بالخصوص علاقائی رابطوں میں تعاون بڑھانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر شوکت مرضیوف کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز بالخصوص ای سی او اور ایس سی او میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
صدر میرضیوف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
وزیراعظم کا بحرین کے بادشاہ سے رابطہ، عید کی مبارکباد اور خطے میں امن پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بحرینی قیادت و عوام کو عید کی پرخلوص مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کے اتحاد، خطے میں امن و استحکام اور غزہ کے مظلوم عوام کے لیے خصوصی دعا کی۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بحرین کے متوازن مؤقف اور امن و تحمل کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بحرین کے قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شاہ حمد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے بحرینی بادشاہ نے قبول کر لیا۔ شاہ حمد نے وزیراعظم کی عید مبارکباد پر شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا اردن کے بادشاہ سے رابطہ، عید کی مبارکباد اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے دو ماہ قبل عیدالفطر پر ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اردن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی، خطے میں امن و استحکام کی کوششوں اور غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی اہمیت پر زور دیا اور شاہ عبداللہ دوم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کا کویتی ولی عہد سے رابطہ، عید کی مبارکباد اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر کویت کے ولی عہد، شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں، کویتی امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور برادر کویتی عوام کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کی۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کویت کے متوازن اور امن پسند مؤقف کو سراہتے ہوئے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانیوں کے لیے ویزا سہولیات میں نرمی پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا، جس سے دونوں ملکوں کے عوامی روابط اور ہنرمند افرادی قوت کی شمولیت کو تقویت ملی ہے۔عیدالفطر پر ہونے والی سابقہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، جسے ولی عہد نے قبول کر لیا۔ولی عہد شیخ صباح الخالد نے وزیراعظم کی مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم کا مصری صدر سے رابطہ، عید کی مبارکباد اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں، مصری حکومت و عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مصر کے تعمیری کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی دونوں رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے گزشتہ دسمبر میں قاہرہ میں منعقدہ ڈی-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم کی عید مبارکباد کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔