بھارت کیساتھ کوئی معاہدہ منسوخ نہیں ہوا،پاکستان
دفتر خارجہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ سمیت کسی بھی دوطرفہ معاہدے کی منسوخی کا ابھی تک کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بیان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے شملہ معاہدے کو غیر موثر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول کو اب سیز فائر لائن سمجھا جانا چاہیے اور اس کی حیثیت پر دوبارہ بات چیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت تعلقات اب 1948 کی پوزیشن پر واپس آ گئے ہیں۔
خواجہ آصف نے سما کے پروگرام ‘ندیم ملک لائیو’ میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی ہندوتوا سوچ کو خطے کے لیے شدید خطرہ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس نظریے کے حامل افراد کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
تاہم دفتر خارجہ کے سینئر حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ یا کوئی بھی دوسرا دوطرفہ معاہدہ منسوخ کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا ہے۔