ہر قسم کی مصیبت اللہ ہی دور کرسکتا ہے، خطبہ حج میں فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا

ہر قسم کی مصیبت اللہ ہی دور کرسکتا ہے، خطبہ حج میں فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا

میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید نے کہا کہ اے بیت اللہ کے حاجیو! اللہ سے ڈرو، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے تمام مخلوق کو تقویٰ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے اور حرام کاموں سے روکا ہے۔ تقویٰ دنیا اور آخرت دونوں میں خیر و کامیابی کا سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین سے حسن سلوک، سچ بولنا، یتیموں، مسکینوں اور ہمسایوں سے نیکی کرنا ایمان کا حصہ ہے۔ وعدے پورے کرنا، حیا اپنانا، اور نیکی کے راستے پر چلنا مومن کی صفات میں شامل ہیں۔ شیطان انسانوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنا چاہتا ہے، لیکن نیکی اور برائی برابر نہیں ہو سکتیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ شریعت پر عمل کرو اور دین کو اپنی زندگی میں رہنما بناؤ، کیونکہ متقی لوگوں کے لیے آخرت میں ایک خوبصورت گھر تیار کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اگر تم شکر ادا کرو گے تو میں تمہیں اور زیادہ عطا کروں گا۔ دین مکمل ہو چکا ہے اور اللہ نے اسلام کو پسند فرمایا ہے، لہٰذا صرف اللہ کی عبادت کرو اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہراؤ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے نیک بندے اس کے حکم کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ مومن نماز کے ذریعے اللہ سے جڑتا ہے۔ کتابوں پر ایمان کا مطلب یہ ہے کہ یہ سب آسمان سے نازل کی گئی ہیں اور عبادت صرف اللہ کا حق ہے، کوئی نبی یا ولی اس کا شریک نہیں۔ جزا و سزا کے دن پر ایمان رکھنا بھی ایمان کا ایک اہم رکن ہے۔

خطبے کے دوران امام کعبہ نے کہا کہ ہر قسم کی مصیبت اور پریشانی صرف اللہ ہی دور کر سکتا ہے، اور اللہ کی رضا جنت سے بھی بڑی نعمت ہے۔

اپنے خطبہ میں امام کعبہ نے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اے اللہ! فلسطین کے ہمارے بھائیوں کی بھوک، تکالیف اور مصائب کو ختم فرما، ان کے بےگھروں کو پناہ عطا کر، انہیں امن عطا فرما، اور دشمنوں پر انہیں غالب فرما۔ انہوں نے مزید دعا کی کہ اے اللہ! مسلمانوں کے حکمرانوں کو بھلائی کی توفیق عطا فرما، اور انہیں ہدایت اور تقویٰ عطا کر۔

خطبہ حج کے موقع پر دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین نویں ذوالحجہ کو میدان عرفات میں وقوف عرفہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ دین اسلام میں اس دن کو بہت بڑی روحانی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ اسے توبہ، گناہوں کی معافی اور اللہ کے قرب کا خاص موقع سمجھا جاتا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں