ڈی آئی خان میں نجی کمپنی کے 11 ملازمین اغوا، 6 بازیاب، سرچ آپریشن جاری
ڈیرہ اسماعیل خان: نجی کمپنی کے 11 ملازمین کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے دوماندہ پل کے قریب سے اغوا کر لیا گیا، جن میں سے 6 کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، جبکہ 5 افراد کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مغوی افراد تین گاڑیوں میں اسلام آباد سے کوئٹہ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ دوماندہ پل کے نزدیک نامعلوم افراد نے ان کا راستہ روک کر اغوا کر لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی ٹی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا اور 6 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیگر مغویوں کی بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے قریبی علاقوں کی ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے تاکہ ملزمان فرار نہ ہو سکیں۔
ادھر سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے رونتی میں بھی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو مغوی بھائیوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ٹارگٹڈ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی، جس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ اغوا برائے تاوان جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے خفیہ نیٹ ورک کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔