پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت مل گئی، بھارت ہکا بکا
نیویارک: پاکستان نے عالمی سفارتی محاذ پر اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی انسداد دہشتگردی کمیٹی کی نائب صدارت سنبھال لی، جس سے بھارت کا پاکستان مخالف بیانیہ عالمی سطح پر مسترد ہو گیا۔
15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی دنیا بھر میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات کی نگرانی کرتی ہے، اور پاکستان کی نائب صدارت اس کے فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر کردار کی عکاس ہے۔ مزید برآں، پاکستان کو طالبان پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی صدارت بھی سونپی گئی ہے، جو طالبان کے مالی اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندیوں اور اسلحے کی روک تھام جیسے اقدامات کی ذمہ دار ہے۔
پاکستانی سفارتی وفد، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ان دنوں امریکا میں موجود ہے، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے مختلف رکن ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے دوران بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔
سفارتی ماہرین کے مطابق، انسداد دہشتگردی کمیٹی میں پاکستان کو اہم عہدہ ملنے سے بھارت کا یہ بیانیہ کہ پاکستان دہشتگردی کی پشت پناہی کرتا ہے، مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔ یہ پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر پذیرائی اور سفارتی میدان میں اہم کامیابی ہے۔