فتنہ الخوارج کا خاتمہ، سیکیورٹی فورسز کی گولیوں نے بھارتی منصوبہ خاک میں ملا دیا
شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے دتہ خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ “فتنہ الخوارج” سے وابستہ 14 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 2 اور 3 جون کی درمیانی شب کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ساتھ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں زور دیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔