بھارت کیخلاف 96 گھنٹوں کی جنگ مکمل اپنے وسائل سے لڑی،جنرل ساحر شمشاد
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے خلاف 96 گھنٹوں پر محیط حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے مکمل طور پر اپنے وسائل پر انحصار کیا اور کسی بیرونی ملک سے مدد نہیں لی۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف پاکستان کی اندرونی صلاحیتوں پر بھروسا کیا، اور جو آلات استعمال کیے گئے وہ ویسے ہی تھے جیسے بھارت کے پاس ہیں۔ تاہم، کچھ ساز و سامان ضرور دیگر ممالک سے خریدا گیا ہے۔
جنرل ساحر شمشاد نے بتایا کہ اس بار کشیدگی شہروں تک محدود رہی جبکہ سرحدوں پر نسبتاً سکون رہا۔ ماضی میں صرف متنازع علاقوں میں جھڑپیں ہوتی تھیں، لیکن مستقبل میں تنازعات مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رہیں گے۔
انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کو حل کرنے کے لیے کوئی مؤثر اور منظم طریقہ کار موجود نہیں۔ ہنگامی رابطے صرف ڈی جی ایم اوز کی ہاٹ لائن تک محدود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر انتہا پسند ذہنیت سے واسطہ ہو تو عالمی برادری کے پاس مداخلت کے لیے وقت محدود ہوتا ہے، اور اس بار امریکا سمیت دیگر ممالک نے جو کردار ادا کیا، وہ بھی اب محدود ہوتا جا رہا ہے۔