پاکستان 2026 ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل تیار
اسلام آباد: پاکستان نے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2026 کی میزبانی کے لیے مکمل تیاری کرلی ہے، یہ بین الاقوامی ایونٹ جنوری 2026 میں ملک میں منعقد کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ کی زیر صدارت گیمز کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنی سفارشات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو پیش کیں۔ اجلاس میں ایونٹ کے انتظامات، سیکیورٹی، اور مقامات کے تعین پر تفصیلی غور کیا گیا۔
رانا ثناءاللہ نے ان سفارشات پر عملدرآمد کے لیے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ کمیٹی چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی اور وہ حکومت کو اپنی حتمی تجاویز پیش کرے گی۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 27 مختلف کھیل شامل ہوں گے، جبکہ پنجاب حکومت نے ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے باقاعدہ رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ مشیر وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان کے مثبت عالمی تشخص کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی پاکستان کے محفوظ اور مستحکم ہونے کا عملی ثبوت ہے۔