کوئٹہ: بکرا منڈی کے قریب پولیس پارٹی پر دستی بم حملہ، ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی
کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر واقع بکرا منڈی کے قریب پولیس پارٹی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں منظور شہید تھانے کے ایس ایچ او سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اُس وقت پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا جب وہ علاقے میں معمول کی گشت پر تھی۔ دستی بم حملے کے بعد موقع پر شدید افرا تفری پھیل گئی جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے کی نوعیت کے حوالے سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں حالیہ دنوں میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید چوکنا ہو گئے ہیں۔