پاکستان اور بنگلہ دیش ایک بار پھر قریب آنے کو تیار؟ زرداری کا بڑا اشارہ
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی بے شمار راہیں موجود ہیں، اور دونوں ممالک کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار صدرِ مملکت نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں وہ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک تھے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور دونوں ممالک کے کرکٹرز اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ کھیل قوموں کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کا موثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم پاکستان کی سفیر بن کر آئی ہے، اور ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش برادر ملک ہے، اللہ تعالیٰ نے دونوں ممالک کو وسائل سے نوازا ہے، اور آج بنگلہ دیش ایک ابھرتی ہوئی معاشی طاقت بن چکا ہے۔ اس لیے دونوں ممالک کو اپنے نوجوانوں کو قریب لا کر تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔
صدر نے جذباتی انداز میں کہا کہ “میں اس نسل سے تعلق رکھتا ہوں جس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی علیحدگی کا درد دیکھا، لیکن آج کی نوجوان نسل ان تلخ یادوں سے ناواقف ہے۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم ان زخموں پر مرہم رکھیں اور ماضی کو بھلا کر مستقبل کی تعمیر کریں۔”
صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دوستی، تعاون اور ترقی کے سفر میں پیش پیش ہوں تاکہ دونوں ممالک کے عوام خوشحال مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔
تقریب کے اختتام پر صدر زرداری نے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور حالیہ سیریز میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا، ساتھ ہی بنگلہ دیشی ٹیم کے جذبے اور کھیل کے معیار کو بھی سراہا۔