سوارب دہشتگرد حملہ: وزیرِ اعظم کی شدید مذمت، شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو خراج عقیدت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے سوارب میں دہشتگردی کے بزدلانہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں، بینک اور انتظامیہ کے افسران پر حملہ کرنے والے عناصر نہ صرف عوام دشمن ہیں بلکہ بلوچستان کی ترقی کے بھی مخالف ہیں۔
وزیرِ اعظم نے حملے کے دوران دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی شجاعت کو وطن پر قربانی کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم کی ہمدردیاں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے صبر کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ بزدل دہشتگردوں نے نہتے اور معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی گھناؤنی سوچ اور انسانیت دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کا مکمل قلع قمع کر کے ہی پاکستان میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان بھارتی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی پراکسیز کے خلاف پوری دلجمعی سے مصروف عمل ہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔
اُنہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام ذمہ داران کی فوری شناخت کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عبرتناک سزا دی جائے۔