سوراب حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی شہید
بھاگ ناڑی / سوراب:بلوچستان کے ضلع سوراب میں مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ آج پیش آیا جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا، ہر آنکھ اشکبار ہے اور فضا غم سے بھر گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہدایت اللہ بلیدی کچھ روز قبل ہی گریڈ 17 سے 18 میں ترقی پائے تھے اور اپنی نئی ذمہ داریوں کو نہایت دیانتداری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ ادا کر رہے تھے۔ وہ دورانِ ڈیوٹی دہشتگردوں کے حملے کا نشانہ بنے اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔
شہید ہدایت اللہ بلیدی کا تعلق ضلع کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی سے تھا۔ وہ نہ صرف ایک فرض شناس افسر بلکہ ایک باوقار، خوش اخلاق اور عوام دوست شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ بلوچستان اور پورے ملک کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔تفصیلات کے مطابق حملہ اچانک ہوا لیکن ہدایت اللہ بلیدی نے ہمت اور حوصلے کے ساتھ دہشتگردوں کا سامنا کیا۔ ان کی یہ قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ ،بینک لوٹ لیا ، مختلف سرکاری افسران کے گھر جلا دئیے گئے ، اے ڈی سی ریونیو شہید
دہشت گردوں نے بلوچستان کے شہر سوراب میں بینک اور انتظامی افسران کی رہائش گاہ پر حملہ کردیا،اس دوران بینک لوٹ لیا گیا،مختلف سرکاری افسران کے گھر جلا دئیے گئے،اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق اے ڈی سی کی رہائشگاہ پر خواتین اور بچے بھی موجود تھے،وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شام کو فتنہ الہندوستان کے 20 سے 30 دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب بازار میں داخل ہوئے،دہشت گردوں نے سافٹ ٹارگٹ بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا۔
سوراب شہر کے بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے جام شہادت نوش کیا ،بھارت اسپانسرڈ دہشت گردوں کا بلوچستان اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سوارب میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ،جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا،انہوں نے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا،بزدل دہشتگردوں کا معصوم شہریوں پر حملہ ان کی عوام دشمن سوچ کی واضح عکاسی ہے۔
دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفائے تک ان کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے،شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی،پوری قوم کی ہمدردیاں ہدایت اللہ بلیدی شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
افواج پاکستان دہشت گروں کے سد باب کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں،دہشت گردوں کے مکمل صفائے کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔
وزیراعظم نے واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔