اوتھل کے قریب کار اور ٹرک میں ٹکر ، 4 افراد جاں بحق
اوتھل (بیورو رپورٹ) بلوچستان کی قومی شاہراہ پر اوتھل کے قریب کوسٹ گارڈ چیک پوسٹ کے نزدیک پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں چار قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جس میں ایک کار اور ٹرک کے درمیان زوردار تصادم ہوا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت علی رضا (ایڈیشنل SHO)، رمضان علی (ملازم Co فائبر کیبل)، عمران علی اور نجف علی کے طور پر ہوئی ہے، جو تمام افراد کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے۔ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اوتھل منتقل کیا۔ جائے حادثہ پر فضاء سوگوار رہی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔
متاثرین کے اہل خانہ اور ساتھیوں نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی علی رضا اور دیگر افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ حادثہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔ متعلقہ حکام سے حادثے کی وجوہات جاننے اور تیز رفتاری کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔