پانی پاکستان کی ریڈ لائن، کشمیر کو کبھی نہیں بھولیں گے: فیلڈ مارشل
چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے خطاب میں کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور پاکستان کبھی بھی ہندوستان کی اجارہ داری کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کو پاکستان کبھی نہیں چھوڑے گا اور یہ مسئلہ ہمیشہ عالمی سطح پر زندہ رہے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، اور یہ معرکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب قوم ایک آہنی دیوار کی مانند متحد ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے توڑ نہیں سکتی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے مزید کہا کہ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی، مگر وہ ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے جبکہ دہشتگردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی جڑ اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں پر بڑھتے ہوئے ظلم اور تعصب پسندی میں ہے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں سرگرم بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان دہشتگردوں کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط ریاست بنانا ہوگا جہاں تمام ادارے آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی، مالی یا ذاتی دباؤ کے عوام کی خدمت کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ جو کوئی بھی ریاست کو کمزور کرنے کی سازش کرے، اس کی سختی سے نفی کی جانی چاہیے۔
خطاب کے دوران شرکا نے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محفوظ سرزمین کے پیچھے ہماری بہادر فوج کی قربانیاں ہیں اور وہ ہمیشہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر: “میں جو کچھ بھی ہوں، اپنے والدین اور اساتذہ کی بدولت ہوں”
چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی کی ذمہ داری اساتذہ کرام پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ “میں آج جو کچھ بھی ہوں، وہ اپنے والدین اور اساتذہ کی تربیت کا نتیجہ ہے۔”
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی اصل کہانی اپنی نئی نسلوں کو سنائیں، تاکہ ان میں حب الوطنی، قربانی اور قومی شعور بیدار ہو۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران اللہ تعالیٰ نے ہر محاذ پر پاکستان کی مدد کی، اور یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ جب قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔