بلوچستان میں خون کی ہولی، پشین اور مستونگ میں فائرنگ کے دو واقعات، 4 افراد جاں بحق
بلوچستان کے دو مختلف اضلاع پشین اور مستونگ میں فائرنگ کے دو افسوسناک واقعات پیش آئے جن میں مجموعی طور پر 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ان واقعات نے عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔
پہلا واقعہ پشین کے علاقے سرانان کے قریب کلی گل باران میں پیش آیا، جہاں پرانی رنجش کی بنا پر دو گروہوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیویز حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں، جن کی شناخت نعمت اللہ، نقیب اللہ اور محمد داود کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ مستونگ کی تحصیل کھڈکوچہ کے علاقے گرو میں قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک مخبوط الحواس شخص جان کی بازی ہار گیا۔ لیویز کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جب کہ لاش کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دونوں واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ لیویز حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔