وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قوم کو یومِ تکبیر پر مبارکباد
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اہل وطن کو یومِ تکبیر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک سنہرا دن ہے، جب وطنِ عزیز نے دشمن کے ایٹمی دھماکوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر خود کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ان تمام محب وطن سائنسدانوں، دفاعی ماہرین اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے شب و روز محنت کرکے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت خطے میں طاقت کے توازن کی ضامن ہے اور اس نے دشمن قوتوں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا انجام سخت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی غیور عوام کو اپنی مسلح افواج پر مکمل فخر ہے، اور صوبے نے ہمیشہ پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کیا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی دفاع وطن کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، اور یومِ تکبیر ہمیں اتحاد، قربانی اور بے لوث خدمت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایٹمی کامیابی دراصل پوری قوم اور امت مسلمہ کی کامیابی ہے، اور دشمن جان لے کہ وہ پاک سرزمین کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔