بی ایل اے کا خطرناک دہشتگرد کراچی سے زندہ گرفتار، بھارت سے روابط کے ناقابل تردید ثبوت برآمد

بی ایل اے کا خطرناک دہشتگرد کراچی سے زندہ گرفتار

بی ایل اے کا خطرناک دہشتگرد کراچی سے زندہ گرفتار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک + نیوز ایجنسیاں) سیکیورٹی فورسز نے کراچی کے مضافاتی علاقے ہزارہ گوٹھ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اہم رکن زکریا اسماعیل کو زندہ گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا اصل نام ذوالفقار ہے۔

گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے سے Thuraya سیٹلائٹ فون، 9 ملی میٹر Glock پستول، جعلی افغان شناختی کارڈ اور 11,800 امریکی ڈالر کی نقدی برآمد ہوئی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق، ملزم نے خضدار میں 21 مئی کو اسکول بس پر ہونے والے بم دھماکے سے چند گھنٹے قبل بھارت کے دارالحکومت دہلی میں موجود ایک نمبر (+91-11-4XX-XXXX) پر 3 منٹ 41 سیکنڈ کی کال کی تھی، جس سے اس کے براہِ راست بھارتی ہینڈلرز سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔

دوسری جانب، بلوچستان میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کی سرگرمیاں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسیاں کالعدم تنظیموں کو نہ صرف مالی امداد فراہم کرتی ہیں بلکہ انہیں اسلحہ، تربیت اور لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ان تنظیموں کے لیے طبی سہولیات اور بعض سرکاری اداروں سے روابط بھی قائم کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ان تنظیموں کی سرگرمیوں کی نہ صرف پردہ پوشی کرتا ہے بلکہ ان کے بیانیے کو عالمی سطح پر فروغ بھی دیتا ہے۔ بیشتر دہشت گرد حملوں کی خبریں بھارتی ذرائع ابلاغ سے سب سے پہلے جاری ہوتی ہیں اور انہیں پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

دفاعی ماہرین نے اس صورتحال کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں