یومِ تکبیر: صدر، وزیراعظم ،افواج پاکستان اور وزراء کی قوم کے نام خصوصی پیغامات

یومِ تکبیر: صدر، وزیراعظم ،افواج پاکستان اور وزراء کی قوم کے نام خصوصی پیغامات

یومِ تکبیر: صدر، وزیراعظم ،افواج پاکستان اور وزراء کی قوم کے نام خصوصی پیغامات

یومِ تکبیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قوم کو خصوصی پیغامات میں مبارکباد دی اور اس تاریخی دن کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

28 مئی کو ملک بھر میں یومِ تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، جب 1998 میں بلوچستان کے چاغی علاقے میں پاکستان نے پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے خود کو دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر منوایا۔ یہ دھماکے بھارت کے جوہری تجربات کا بھرپور جواب تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودمختاری اور دفاع کی علامت ہے۔ ایٹمی طاقت کا حصول صرف تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا۔ انہوں نے سائنسدانوں، فوجی و سول قیادت اور ایٹمی پروگرام میں شامل تمام افراد کو سلام پیش کیا۔ صدر نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اس عزم کی تجدید کی کہ قومی سلامتی، دفاع اور وقار کی حفاظت ہر حال میں کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے اللہ کے فضل سے حالیہ معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی ہے اور یومِ تکبیر آج ایک اور تاریخی تناظر میں منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نواز شریف کے 1998 میں عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ملک کے مفاد میں ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کرنے کو سراہا، جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چاغی کے پہاڑوں سے بلند ہونے والی “اللہ اکبر” کی صدا آج بھی قومی وحدت اور دفاعی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز اور افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جوہری اثاثوں کے تحفظ میں مسلح افواج کا کردار قابل فخر ہے۔

ملک بھر میں آج عام تعطیل ہے اور مختلف شہروں میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے تقریبات، تقاریر اور ریلیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں وطن کے محافظوں کو سلام پیش کیا جا رہا ہے۔

افواجِ پاکستان کی 27 ویں یومِ تکبیر پر قوم کو دلی مبارکباد

چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیفس نے قوم کو 27 ویں یومِ تکبیر پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ یومِ تکبیر 1998 کے اس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے ایٹمی قوت حاصل کی اور جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن کو بحال کیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے ایٹمی تجربات کے ذریعے بطور خود مختار ریاست اپنے دفاع کا حق منوایا، اور یہ اہم تاریخی کامیابی قومی اتحاد، عزم و استقلال، اور پرامن بقائے باہمی کے عہد کی علامت ہے۔

پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت قوم کی مقدس امانت اور عوامی امنگوں کی عکاس ہے۔ یومِ تکبیر ویژنری قیادت، دوراندیش سائنسدانوں، اور انجینئرز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے انتھک محنت کی۔

یہ دن پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا دن بھی ہے۔ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی “قابلِ بھروسہ کم سے کم دفاعی صلاحیت” پر مبنی ہے، اور مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔

افواجِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور یہ خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم متحد، چوکس، اور مادرِ وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں گے۔

مسلح افواج قوم کے ساتھ اس سنگ میل کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہیں اور یقین دلاتی ہیں کہ پاکستان کی قوت، خود کفالت اور استحکام کا سفر جاری رہے گا۔

پاکستان زندہ باد!

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا یومِ تکبیر پر خصوصی پیغام: خودمختاری کا جشن اور معاشی ترقی کا عہد

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو قوم نے ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد رکھی، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جام کمال خان نے کہا، “چاغی کی پہاڑیوں سے بلند ہونے والی ‘اللہ اکبر’ کی صدا آج بھی زندہ ہے اور ہمیں اتحاد، قربانی اور خود اعتمادی کا درس دیتی ہے۔”

وزیر تجارت نے مزید کہا کہ اب جوہری طاقت کے بعد ہمارا اگلا ہدف معاشی خودمختاری حاصل کرنا ہے، اور ہمیں اسی عزم و ہمت کے ساتھ معاشی میدان میں بھی ترقی کا سفر شروع کرنا ہوگا۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان تجارت، ٹیکنالوجی اور ترقی کے میدان میں نئے باب رقم کرے گا، اور یومِ تکبیر صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کا عہد ہے۔

وفاقی وزیر اویس لغاری کا یومِ تکبیر پر پیغام: پاکستان کی خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے

وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اس تاریخی دن کو یاد کر رہے ہیں جب پاکستان نے 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں سے پوری دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہماری خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ “یہ وہ لمحہ تھا جب پاکستان نے اپنی حفاظت کا ایٹمی ڈھال اپنے ہاتھوں سے بنایا اور یہ واضح کر دیا کہ ہماری سلامتی ہمارا اولین اور آخری مقصد ہے۔”

وفاقی وزیر نے مزید کہا، “پاکستان امن کا داعی ہے مگر اپنی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور جو بھی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا اسے عبرتناک جواب دیا جائے گا۔”

سردار اویس لغاری نے سائنسدانوں اور دفاعی ماہرین کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے، جس کا مظاہرہ حالیہ معرکۂ حق میں دنیا نے دیکھا۔

انہوں نے کہا، “جو لوگ ہمارے امن پسند رویے کو کمزوری سمجھتے ہیں، وہ تاریخ کے اوراق میں ہماری طاقت کو بخوبی جان چکے ہیں۔ پاکستان کبھی جارحیت نہیں کرے گا، مگر جو بھی ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے عبرتناک شکست کا سامنا ہوگا۔”

وزیر نے کہا کہ جیسے 1998 میں پاکستان نے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا، آج بھی قوم اسی عزم، جذبے اور ولولے کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے یومِ تکبیر کو صرف ماضی کا احسان نہیں بلکہ مستقبل کا عہد نامہ قرار دیا اور کہا، “پاکستان پائندہ باد! پاک فوج زندہ باد!”

یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری کا دن ہے، دشمن کو پیغام دے چکے ہیں: محسن نقوی

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے قومی غیرت، دفاعی عزم اور قومی یکجہتی کا دن قرار دیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 28 مئی 1998 وہ دن تھا جب پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کر کے دشمن کو دو ٹوک پیغام دیا کہ “ہم ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہر پاکستانی کے لیے قابلِ فخر اور تاریخی دن ہے، جب پاکستان نے عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں اور خطرات کے باوجود جرات مندانہ فیصلہ کر کے ایٹمی طاقت بننے کا اعلان کیا۔

وزیر داخلہ نے پاکستانی سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کا کارنامہ قومی دفاع کی تاریخ کا سنہری باب ہے، چاغی کے پہاڑ آج بھی اس فیصلے کی گونج سناتے ہیں۔”

محسن نقوی نے حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کا سبق دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا، بھارت جانتا ہے کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ “پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جو امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔”

وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ بھی اسی اتحاد اور قربانی سے کیا جائے گا جیسا کہ 28 مئی 1998 کو پوری قوم نے کیا۔

آخر میں محسن نقوی نے کہا: “یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں، یہ ہماری ہمت، حوصلے اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا عہد ہے۔”

Author

اپنا تبصرہ لکھیں