چاند نظر نہ آیا، مگر بڑا اعلان ہو گیا! پاکستان میں عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ جانیے مکمل تفصیل
اسلام آباد: پاکستان کے کسی بھی علاقے سے ذی الحجہ 1446 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
مولانا عبدالخبیر نے بتایا کہ مرکزی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد ہوئے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات، اسپارکو، وزارت مذہبی امور اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا اور کسی مقام سے چاند کی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحجہ 29 مئی بروز جمعرات کو ہوگی، اور عید الاضحیٰ 7 جون ہفتے کو منائی جائے گی۔
اس موقع پر لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کی زونل کمیٹیوں نے بھی تصدیق کی کہ انہیں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اجلاس کے دوران پاک فوج کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فوجِ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جراتمندانہ قیادت پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے بھی ذوالحجہ 1446 ہجری کے آغاز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق 29 مئی بروز جمعرات کو یکم ذوالحجہ ہوگی۔
یاد رہے کہ ہفتے کے آغاز میں اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے چاند کی پیدائش اور اس کی متوقع رویت سے متعلق سائنسی اور فلکیاتی تجزیے کی بنیاد پر یہ پیش گوئی کی تھی کہ عیدالاضحیٰ کا امکان 7 جون کو ہے، جو اب درست ثابت ہوا۔