بھارتی جھوٹ کا پردہ فاش: آئی ایس پی آر نے دھماکہ خیز ثبوت پیش کر دیے
آپریشن سندور میں بھارتی جارحیت کی حقیقت آشکار ہو گئی ہے، جہاں آئی ایس پی آر نے بروقت اور ذمہ دارانہ انداز میں ناقابلِ تردید ثبوت پیش کر کے عالمی برادری کو سچائی سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی میڈیا نے آپریشن سندور کے دوران مودی کی جھوٹ پر مبنی خبریں اور گمراہ کن مواد پھیلایا۔ گودی میڈیا نے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتے ہوئے اپنی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر متاثر کیا۔ این ڈی ٹی وی، نیوز 18 سمیت کئی بھارتی چینلز نے جھوٹا بیانیہ بنایا اور پاکستان کے ایف-16 اور دو ایف-17 طیارے مار گرائے جانے اور پاکستانی پائلٹ کی گرفتاری کے جھوٹے دعوے کیے، جنہیں عالمی میڈیا اور فیکٹ چیک اداروں نے غلط ثابت کیا۔
بھارتی میڈیا نے جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے ڈیپ فیک ویڈیوز بھی بنائیں، جن میں یہ دکھایا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر پاکستان کے نقصانات کے بارے میں آگاہی دے رہے ہیں، لیکن یہ ویڈیوز بھی عالمی سطح پر بے نقاب ہوئیں۔
مزید یہ کہ، گودی میڈیا نے پاکستان کے جوہری ذخائر پر میزائل حملے کی افواہیں بھی پھیلائیں، جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) نے جھوٹا قرار دے کر مسترد کر دیں۔ بھارتی بحریہ نے کراچی بندرگاہ کو تباہ کرنے کا ڈرامہ کیا، مگر نہ کوئی سیٹلائٹ تصویر پیش کی اور نہ کوئی بین الاقوامی تصدیق ہوئی۔
بھارتی میڈیا نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے خلاف اندرونی بغاوت کی بے بنیاد کہانیاں بھی پھیلائیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی میڈیا نے اپنی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا سہارا لیا، جبکہ بھارت نے پہلگام واقعے کو ریاستی پروپیگنڈے کے طور پر پیش کیا اور عوام کو اشتعال دلوایا۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پیشہ ورانہ حکمت عملی اپنائی اور آئی ایس پی آر نے حقائق پر مبنی شواہد پیش کیے، جن میں ریڈار لاگز، سیٹلائٹ تصاویر، پروازوں کے ڈیٹا اور جسمانی شواہد شامل تھے۔ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور عالمی مبصرین کو تحقیقات کے لیے مدعو کیا۔
آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور، فوری اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔ سیاسی ماہرین کے مطابق پاکستان نے نہ صرف اپنی عوام بلکہ عالمی برادری کو بھی حقائق سے آگاہ کیا اور تیسرے فریق سے شفاف تحقیقات کی دعوت دی۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ آج کے ہائبرڈ وار کے دور میں جھوٹی خبریں ہتھیار بن چکی ہیں جو حقائق کو مسخ کر سکتی ہیں، اور بھارت نے جعلی خبریں پھیلا کر تنازعہ بڑھانے کی کوشش کی، مگر پاکستان نے اپنے موقف کو شفاف اور ذمہ داری سے پیش کیا جس کی عالمی سطح پر تعریف ہوئی۔