پنجاب و خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، 19 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پنجاب و خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، 19 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پنجاب و خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشیں، 19 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

اسلام آباد / لاہور / پشاور:ملک کے مختلف حصوں میں شدید آندھی، بارش اور ژالہ باری سے مجموعی طور پر 19 افراد جاں بحق جبکہ 90 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ جانی نقصان رپورٹ ہوا، جبکہ خیبرپختونخوا میں بنیادی ڈھانچے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق:لاہور اور جہلم میں 3،3 ،سیالکوٹ اور مظفرگڑھ میں 2،2،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، اٹک، ملتان، راجن پور، حافظ آباد، میانوالی، جھنگ اور لیہ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔زیادہ تر اموات دیوار یا چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں۔ شیخوپورہ میں ایک فیکٹری کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، راولپنڈی میں بزرگ شہری اور اٹک میں بچہ دیوار گرنے سے جاں بحق ہوئے۔

ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے مطابق جنوبی پنجاب میں متعدد گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے، کئی علاقوں میں بجلی بند رہی۔ موٹروے پولیس نے ایم 2، ایم 3 اور دیگر راستوں کو حفاظتی بنیادوں پر بند کر دیا۔

خیبرپختونخوا میں ژالہ باری اور تیز ہوا سے سوات، مردان، پشاور، ایبٹ آباد، خیبر اور صوابی میں درخت اور بجلی کی لائنیں متاثر ہوئیں۔ پیسکو کے مطابق 113 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ کئی علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی بند رہی۔

اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ مختلف مقامات پر درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ لاہور میں واسا نے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے مشینری متحرک کر دی۔

ڈی جی PDMA عرفان علی کاتھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی مزید بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں