بھارت نے دوبارہ حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن ہمارا پہلا انتخاب ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو ہمارا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوگا۔
خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے طلبہ سے ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے سوچا تھا کہ پاکستان حملہ کرے گا اور جواب نہیں دے گا، لیکن پورا پاکستان اور قوم متحد ہو گئی۔ اللہ کے فضل سے ایک مضبوط “آہنی دیوار” قائم ہوئی ہے اور بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے حکم پر بھارت کے 26 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ کے دوران 7 سالہ ارتضیٰ شہید ہوا، اور جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کی شیلنگ سے وہ شہید ہوا، اسے پاکستان نے تباہ کر دیا۔ 6 اور 7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے، انہیں بھی تباہ کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وضاحت کی کہ پاکستان نے کسی بھی سویلین انفراسٹرکچر یا آبادی کو نقصان نہیں پہنچایا، کیونکہ ہم اصل میں امن پسند ہیں اور امن کو ترجیح دیتے ہیں۔ لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو جواب اس سے بھی سخت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ جو لوگ مساجد کو شہید کرتے ہیں اور بے گناہوں کو ذبح کرتے ہیں، ان کا اسلام یا پختونوں کی روایات سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف ہندوستان کے ایجنٹ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اسلام میں کفر اور حق ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور دہشتگردی کی مدد لینا شرعی طور پر درست نہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی کشمیر میں ظلم و زیادتی کی مثالیں بھی دی۔
انہوں نے افغانستان کو پاکستان کا برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی اشرافیہ بھارت کے ہاتھ میں ہے، جو پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی ہے۔ پاکستان افغان بھائیوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ دہشتگردوں کو پناہ نہ دیں اور بھارت کے آلہ کار نہ بنیں۔
آخر میں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خیبر پختونخوا کے بہادر عوام اور قبائل سے کہا کہ وقت آ گیا ہے، کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔