فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر پیش
یادگارِ شہداء، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کے اعزاز میں ایک خصوصی گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس پُر وقار موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔
فیلڈ مارشل نے اس اعزاز کو پوری قوم، پاکستان کی مسلح افواج، اور بالخصوص سویلین و عسکری شہداء اور غازیوں کے نام منسوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ:”یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور پاکستان کی مسلح افواج کے ان بہادر سپاہیوں اور سپاہ زادیوں کے نام ہے، خاص طور پر اُن شہداء کے نام جنہوں نے بھارت کی بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جارحیت کے خلاف ایک ‘فولادی دیوار’ کی مانند ڈٹ کر دفاع کیا۔”