گیس سستی صرف سندھ و بلوچستان کیلئے، باقی عوام تیار ہو جائیں جھٹکے کیلئے
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لیے گیس سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن میں گیس نرخوں میں ردوبدل کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے، جس کی حتمی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے لیے 116 روپے 90 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔ سوئی ناردرن اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو گیس فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ قیمتوں میں یہ اضافہ بنیادی طور پر درآمدی آر ایل این جی (ری-گیسیفائیڈ لیکوئیفائیڈ نیچرل گیس) کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، اوگرا نے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ذریعے گیس حاصل کرنے والے سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لیے ریلیف کی سفارش کی ہے۔ ان صوبوں کے لیے گیس 103 روپے 95 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو سستی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اوگرا نے مالی سال 2025-26 کے ممکنہ مالی خسارے (شارٹ فال) کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تجاویز مرتب کی ہیں۔ ادارے نے وفاقی حکومت کو سفارش کی ہے کہ صارفین کی مختلف کیٹیگریز کے مطابق نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ قیمتوں میں توازن اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کے گیس مینجمنٹ سے متعلق بعض امور بھی وفاقی حکومت کو بھیجے جا رہے ہیں تاکہ جامع پالیسی فیصلے کیے جا سکیں۔