بھارت یاد رکھے: ہم نہ فلسطین ہیں نہ کمزور، حملہ ہوا تو جواب وحشیانہ ہوگا، پاک فوج
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ بھارت نے کسی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کا ردعمل نہایت سخت، فوری اور تباہ کن ہوگا۔ ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بھارت، اسرائیل نہیں اور پاکستان، فلسطین نہیں ہے، نہ ہی ہم بھارتی تسلط کے سامنے جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، جنوری 2024 سے اب تک 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات ہو چکے ہیں جن کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔ ان حملوں میں 3896 افراد شہید ہوئے جن میں 2582 سویلین اور سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے، اور وہاں کے حالات بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دینا حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بھارت سے کھلے عام مدد مانگی، جبکہ بھارتی رہنما، سیاست دان اور سابق جرنیل ان کی حمایت میں بیانات دے چکے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حالیہ کشیدگی میں بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے گئے جن میں 3 جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے، لیکن نئی دہلی اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت اگر خطے میں امن کا خواہاں ہے تو اسے حقیقت پسندی سے کام لینا ہوگا۔