آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کی کامیابی، پاکستان نے بھارتی جھوٹ کا پول کھول دیا، ڈوزیئر جاری
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی جوابی کارروائی “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی کے بعد بھارت کے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے اہم شواہد پر مبنی ڈوزیئر جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اس ڈوزیئر میں بھارتی حملے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن، اور بھارتی میڈیا کی منظم فیک نیوز مہم کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ ڈوزیئر میں سیٹلائٹ تصاویر، بین الاقوامی میڈیا رپورٹس، اور بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پاکستان مخالف مہم کے ثبوت شامل ہیں۔
ڈوزیئر میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی، جس پر نہ صرف عالمی میڈیا بلکہ خود بھارتی عوام اور سیاستدانوں نے بھی سوالات اٹھائے۔
دستاویز کے مطابق، پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کیں، جبکہ بھارتی حملے میں معصوم پاکستانی شہری، خواتین اور بچے شہید ہوئے۔
پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا جواب ذمہ داری سے دیتے ہوئے صرف اُن فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی شہریوں پر حملے کیے گئے تھے۔ ڈوزیئر میں بھارتی نقصانات کی تفصیلات بھی شواہد کے ساتھ پیش کی گئی ہیں۔
سفارتی ماہرین کے مطابق، پاکستان نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی دعوؤں کو جھوٹا ثابت کرکے عالمی سطح پر سفارتی برتری حاصل کر لی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈوزیئر نہ صرف پاکستان کے موقف کو تقویت دیتا ہے بلکہ بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈا کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا ہے۔