“یومِ تشکر” کی عظیم الشان تقریب، وزیراعظم شہباز شریف کا قوم اور افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین
اسلام آباد: آپریشن بُنیان مرصوص میں تاریخی فتح کی خوشی میں اسلام آباد کے شکر پڑیاں میں “یومِ تشکر” کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، شہداء وطن کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ اور ایئر شو کا مظاہرہ کیا، جبکہ ملی نغموں نے حاضرین کے جوش و جذبے کو گرما دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا: “ہم اُن عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن پر جان نچھاور کی۔ اللہ کے فضل، قوم کی دعاؤں اور افواج پاکستان کی جرأت سے آج ہم سرخرو ہوئے۔ دشمن کی جارحیت کو دندان شکن جواب دے کر افواج پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔” انہوں نے یاد دلایا کہ: “1971 کا دلخراش سانحہ قوم کے حافظے میں ہے، لیکن آج الحمدللہ ہم نے معرکۂ حق میں تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ یہ صرف عسکری کامیابی نہیں، پوری قوم کی فتح ہے۔” تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس، سروسز چیفس، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفارت کار، اور سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں، آسمان پر گونجتے جیٹ طیاروں، اور ملی نغموں کے ساتھ یہ تقریب قومی اتحاد اور شکرگزاری کی خوبصورت علامت بن گئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اپنا فخر قرار دیا اور کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو جو جواب دیا وہ یادگار ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں یوم تشکر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہمارا فخر ہے اورہم نے کچھ چھپایا نہیں ساری حقیقت بتا دی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار پورے معاملے میں شان دار رہا ہے، ہمارے میڈیا نے بھارتی میڈیا کو جو جواب دیا وہ یادگار ہے، جس طرح ہمارے میڈیا نے جواب دیا اس پر ہمیں فخر ہے اور ہمارے میڈیا کا کردار ذمہ دارانہ تھا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا۔