1665 گاڑیاں تحویل میں، مگر نیلامی کب؟ جانیں حقیقت کسٹمز کی زبانی
اسلام آباد: ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ (NCP) گاڑیاں موجود ہیں، تاہم یہ جاننا بھی اہم ہے کہ ان میں سے کتنی گاڑیاں سرکاری تحویل میں ہیں، ان کا استعمال کس حد تک ہوتا ہے، اور ان کی نیلامی کا طریقہ کار کیا ہے۔
نجی نیوز کو موصول ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان کسٹمز نے مجموعی طور پر 1665 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اپنی تحویل میں لے رکھی ہیں۔ یہ گاڑیاں کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کیے جانے کی بنیاد پر ضبط کی گئی ہیں۔
ترجمان پاکستان کسٹمز کے مطابق یہ گاڑیاں عمومی طور پر سرکاری یا دفتری استعمال میں نہیں لائی جاتیں۔ تاہم، بعض مخصوص حالات میں جب قانونی تقاضے مکمل کر لیے جائیں، تو ضرورت کے تحت ان گاڑیوں کو محدود اور عارضی بنیاد پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایسی صورتیں نہایت کم پیش آتی ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق تحویل میں لی گئی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نیلامی ایک باقاعدہ قانونی عمل کے تحت کی جاتی ہے، جس میں شفاف طریقے سے عوام کو شرکت کا موقع دیا جاتا ہے۔