کوئٹہ: علی مدد جتک کے قافلے کے قریب دھماکا

کوئٹہ: علی مدد جتک کے قافلے کے قریب دھماکا

کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے کےقریب دھماکا ہوا ہے۔پولیس کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے کے قریب دھماکا سریاب روڈ پر ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں رکن صوبائی اسمبلی محفوظ رہے جب کہ ایک شخص جاں بحق اور 10افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 10 افراد کو سول اسپتال کے شعبہ حادثات میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کی خوشی میں ہاکی گراؤنڈ میں جشن فتح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے علی مدد جتک ریلی کی صورت میں آرہے تھے۔دھماکےکے بعد ہاکی گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی علی مدد جتک کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اسمبلی کے رکن اور پارٹی رہنما علی مدد جتک کے قافلے پر ہونے والے بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے علی مدد جتک کے حملے میں محفوظ رہنے پر شکر ادا کیا اور ان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ علی مدد جتک کے قافلے کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ فعل اور کھلی دہشتگردی ہے، تاہم اس قسم کی کارروائیاں پیپلز پارٹی کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ علی مدد جتک کے قافلے کو نشانہ بنانے میں ملوث عناصر جلد قانون کی گرفت میں آئیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں