پاکستان اور روس کا بڑا اعلان: کراچی میں نئی اسٹیل مل قائم ہوگی
پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی تعاون کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جب دونوں ممالک نے کراچی میں ایک نئی اسٹیل مل کے قیام پر اتفاق کیا۔ یہ فیصلہ روسی نمائندے ڈینس نذروف اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری، ہارون اختر خان کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں اسٹیل انڈسٹری کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور روسی تعاون سے نئی اسٹیل مل کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے منصوبے کی ترقی اور عمل درآمد کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا، جو تکنیکی اور مالی پہلوؤں پر کام کرے گا۔
ہارون اختر خان نے گفتگو میں وزیراعظم پاکستان کے سرمایہ کاری دوست وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ، مستحکم اور پرکشش مقام بن چکا ہے۔ انہوں نے روسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود مختلف شعبوں، خصوصاً صنعت، توانائی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی اقتصادی صلاحیت کو تسلیم کر رہی ہے اور موجودہ حالات سرمایہ کاری کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
یہ ملاقات نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے، بلکہ اسٹیل صنعت جیسے اہم شعبے میں مشترکہ منصوبہ بندی کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گی۔