مائیک ہیسن پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ہیڈ کوچ کے تقرر کا اعلان کر دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا:
“مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن 26 مئی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔”انہوں نے بتایا کہ اس عہدے کے لیے موصول ہونے والی متعدد درخواستوں کے تفصیلی جائزے کے بعد مائیک ہیسن کا انتخاب کیا گیا۔
واضح رہے کہ مائیک ہیسن حالیہ دنوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بعد ان کے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی قیاس آرائیاں گردش میں تھیں۔
یاد رہے کہ گیری کرسٹن کے مستعفی ہونے کے بعد عاقب جاوید نے عارضی کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں تاہم ان کا معاہدہ فروری 2025 میں مکمل ہوگیا تھا اور انہوں نے تجدید سے انکار کر دیا تھا۔