پاکستان، بھارت ڈی جی ایم اوز میں ہاٹ لائن پر رابطہ
پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا، جس میں سیز فائر معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری حکام نے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور حالیہ کشیدگی کے تناظر میں سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بات چیت کا محور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائر بندی کی موجودہ صورتحال اور اس کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر رہا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا، جس کے جواب میں پاکستانی فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی جہاز تباہ کیے۔ اس کے بعد بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے ردعمل میں پاکستان کی مسلح افواج نے 10 مئی کو جوابی آپریشن ’بنیان مرصوص‘ لانچ کیا اور بھارت میں گھس کر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔
بعد ازاں، کشیدگی کم کرانے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ثالثی کردار ادا کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر پر اتفاق ہو گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ روز ایک بریفنگ میں واضح کیا کہ سیز فائر کی خواہش بھارت کی طرف سے آئی، پاکستان نے اس کی کوئی درخواست نہیں کی۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیان دیا ہے کہ اگر مذاکرات ہوئے تو ان میں پانی، دہشت گردی اور مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی جائے گی۔