گرمی کے ستائے عوام کیلئے خوشخبری آ گئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور گرمی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
اسلام آباد، مری، راولپنڈی، گلیات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، چارسدہ، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت کئی علاقوں میں بادل برسنے اور ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی ہے۔ جیکب آباد کا پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
بالائی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے، مالم جبہ کا درجہ حرارت 8 اور کالام کا 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔