سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر کا دورہ پاکستان، کشیدگی کم کرنے کی کوششیں

سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر کشیدگی کم کرانے پاکستان پہنچ گئے

سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر کشیدگی کم کرانے پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان روانگی سے قبل عادل الجبیر نے بھارت کا دورہ کیا اور وہاں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات کی۔ اس سفارتی کوشش کا مقصد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جاری تناؤ کو کم کرنا اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران عادل الجبیر وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں حالیہ صورتحال، سرحدی کشیدگی اور ممکنہ سفارتی حل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی جھڑپوں اور فائرنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ بیان میں دونوں ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور اپنے اختلافات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔

سعودی عرب نے خطے میں امن، ہمسائیگی کے اصولوں کے احترام اور عوامی مفادات کے تحفظ کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں