پاک فوج کا آپریشن اللہ اکبر شروع کرنیکا اعلان
پاک فوج نے بھارت کی جانب سے جاری ڈرون حملوں اور فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں “آپریشن اللہ اکبر” کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب 12 ہیروپ ڈرونز پاکستانی حدود میں بھیجے گئے، جنہیں پاک فوج نے کامیابی سے تباہ کر دیا۔ ان میں سے ایک ڈرون نے لاہور کے قریب فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا، جس سے چار اہلکار زخمی اور سازوسامان کو نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، سندھ کے ضلع میانو میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک عام شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ بھارت کی یہ دراندازیاں گوجرانوالہ، چکوال، بہاولپور، اٹک اور کراچی کے اطراف بھی دیکھی گئیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ “آپریشن اللہ اکبر” نہ صرف بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب ہوگا بلکہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کا عملی مظاہرہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پوری قوت، عزم اور تیاری کے ساتھ کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے میدان میں موجود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر اپنی سرزمین کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ “آپریشن اللہ اکبر” کے تحت ہونے والی تمام پیش رفت سے قوم اور میڈیا کو بروقت آگاہ رکھا جائے گا۔