بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید، بھارت کی غلط فہمی کو دور کر دیا جائیگا، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات 6 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ان حملوں کا آغاز کیا، جن میں بلااشتعال فائرنگ سے ایل او سی پر پانچ افراد بھی شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مظفرآباد کے قریب ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ پر حملے میں 13 افراد شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 3 سالہ 2 بچیاں شامل تھیں۔ مریدکے میں بھی بھارتی گولہ باری سے 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دشمن کے 5 جنگی طیارے — جن میں 3 رافیل اور 2 مگ شامل ہیں — مار گرائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔
بھارت کی جانب سے نیلم جہلم منصوبے کے نوسیری ڈیم کو نشانہ بنانا انتہائی خطرناک اور ناقابلِ قبول اقدام ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ بھارت کی آبی جارحیت کے سنگین نتائج نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانا بھارت کی تنگ نظری اور مکروہ عزائم کی عکاسی کرتا ہے، اور پاکستان نے بھارت کی ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی ہر غلط فہمی کو جلد دور کر دیا جائے گا، اور پاکستان صرف دفاع میں ہی نہیں، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔