محسن نقوی کا قطر کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کا عزم، علاقائی تعاون پر زور
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے قطری وزیر داخلہ کو پاک بھارت کشیدگی اور پچھلے دنوں کے پہلگام واقعے کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا ہے اور بھارت کو پہلگام واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاکہ دنیا کے سامنے اس واقعے کی حقیقت آ سکے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کو نظرانداز کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان منشیات کی روک تھام کے لیے قطر کے ساتھ اپنے روابط مزید مستحکم کرے گا۔
قطری وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں مشترکہ اقدامات کے تحت فوکل پرسن مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیرداخلہ محسن نقوی کا قطر میں پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں انہوں نے قطر کے وزیر مملکت داخلہ شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی سے بھی ملاقات کی۔ وزیر مملکت داخلہ قطر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اہم قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔