واشنگٹن کا بھارت کو سخت پیغام: پاکستان کے ساتھ مل کر تحقیقات کرو، جنگی جنون بند کرو
واشنگٹن / اسلام آباد: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور امید ہے کہ بھارت پہلگام واقعے پر ایسا ردعمل نہیں دے گا جو خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بنے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی نائب صدر نے نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پہلگام واقعے کا جواب احتیاط اور دانشمندی سے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات میں تعاون پر آمادہ ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔ بھارت نے فوری طور پر بغیر شواہد اس واقعے کا تعلق پاکستان سے جوڑ دیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ یا کسی غیر جانبدار ادارے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنما بھی اس واقعے کی مذمت کر چکے ہیں، جب کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دونوں ممالک کے حکام سے رابطے میں رہنے اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
دریں اثناء بھارت کی جانب سے یکطرفہ اقدامات اور سخت بیانات کے بعد خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی فائرنگ اور دیگر جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔