پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف، اب فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں
نادرا نے پاکستان کا پہلا “ڈی میٹیریلائزڈ شناختی کارڈ” متعارف کروا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو قومی شناختی کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی جیب میں رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ کے ذریعے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کے ترجمان سید شباہت کے مطابق، شہری “پاک آئی ڈی” ایپ پر اپنے موجودہ شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ اسکین کریں گے اور 30 منٹ کے اندر ویریفیکیشن مکمل ہونے کے بعد ڈیجیٹل کارڈ ایپ میں دستیاب ہوگا۔ اگر موبائل فون گم یا چوری ہو جائے تو نئے فون پر ایپ میں لاگ ان کر کے ڈیجیٹل کارڈ دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
نادرا کے مطابق، ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا مقصد سرکاری دفاتر میں کام کی رفتار کو بہتر بنانا اور شہریوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ نادرا کے مطابق یہ ایپ جلد ہی فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کی ڈیجیٹل دستیابی بھی فراہم کرے گی۔