ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاک فوج کا بھرپور وار، دشمن کی چوکیوں کا صفایا
راولپنڈی: بھارت نے 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کے کیانی اور منڈل سیکٹرز میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی، جس پر پاک فوج نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی متعدد چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے فائرنگ کا آغاز کیا، تاہم پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو خاموش کرا دیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دشمن کے کئی مورچے تباہ ہوئے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی چکپترا پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج نے اپنے زیرقبضہ سرحدی علاقوں کو خالی کرواتے ہوئے مقامی مسلمانوں پر کریک ڈاؤن بھی تیز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اشتعال انگیزی بھارت کے جنگی جنون کی عکاسی ہے، جس کا مقصد خطے کا امن سبوتاژ کرنا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے افواج پاکستان ہر دم تیار و مستعد ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔