بھارت کی جنگی تیاری، اگلے 36 گھنٹوں میں حملے کا خطرہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس موجود ہیں کہ بھارت بے بنیاد اور خود ساختہ الزامات کی بنیاد پر کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جسے پاکستان یکسر مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے۔
عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا یقینی اور شدید جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سمجھیں کہ کسی ممکنہ جنگ کی تباہ کاریوں کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے تصادم کا راستہ اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے فرار بھارت کے اصل عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی جیسے )اقدامات پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
بھارت کی جنگی تیاری