پاکستانی ریڈارز نے پکڑ لیا، بھارتی طیارے خوفزدہ ہو کر واپس پلٹ گئے
گزشتہ شب بھارتی فضائیہ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیٹرولنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، منگل اور بدھ کی درمیانی رات (29 اور 30 اپریل) بھارتی ایئر فورس کے چار رافیل طیاروں نے بھارتی جغرافیائی حدود کے اندر رہتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر کی فضاؤں میں گشت کیا۔
پاکستانی ایئر فورس کے مستعد فضائی نگرانی نظام نے ان بھارتی طیاروں کی فوری نشاندہی کر لی۔ ذرائع کے مطابق، پاکستانی فضائیہ کی بروقت اور چاق و چوبند کارروائی کے باعث بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور فوراً واپس اپنی حدود کی طرف پلٹ گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل تیار اور الرٹ ہیں۔ فضائیہ کی مستعدی دشمن کو یہ پیغام دینے کے لیے کافی ہے کہ پاکستان کی فضائیں مکمل محفوظ اور ناقابل تسخیر ہیں۔